کراچی (گلف آن لائن) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ(یوبی جی) کے امیدوار بے مثال کامیابی حاصل کرکے ایف پی سی سی آئی کا کھویا ہوا وقار اور تاجر برادری کاتشخص بحال کریں گے۔ یہ بات یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیراورچیئرمین افتخار علی ملک نے گزشتہ شب صدریو بی جی زبیرطفیل کی رہائشگاہ پر فیڈریشن الیکشن میں پنجاب سے آنے والے ووٹرز کے اعزاز میں دیئے گئے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرفیڈریشن الیکشن میں یو بی جی کے صدارتی امیدوارڈاکٹر نعمان بٹ،سینئرنائب صدر کے امیدوار محمدحنیف گوہر،تنویراحمدشیخ،علی حسام اصغر،عامرعطاباجوہ نے بھی خطاب کیا جبکہ فیڈریشن کے نائب صدرکے امیدوار دانش خان، مرزااختیاربیگ، عبدالسمیع خان،شبنم ظفر،نوراحمدخان،احمدچنائے،سید مظہر علی ناصر،ناہید مسعود،شہزادعلی ملک،ناظم حسین شاہ،حاجی افضل،مومن علی ملک، مریم چوہدری، عبدالرئوف عالم،ملک سہیل حسین،عارف جیوا،ریاض الدین شیخ،سیکریٹری جنرل ظفر بختاوری،خالد تواب،عبدالرحمان چن،کرنل صابرسلطان،ایس ایم عمران، رضوانہ شاہد، عمر ریحان، وقارمیاں اوردیگر تاجررہنما بھی موجود تھے۔
ایس ایم منیرنے کہا کہ اس وقت ملکی اکنامی کے حالات اچھے نہیں ہیں،مہنگائی بڑھ گئی ہے اور لوگ پریشان ہیں،فیڈریشن کے کی موجودہ قبضہ مافیا قیادت بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں ناکا م ہوچکی ہے اورضرورت اس بات کی ہے کہ آج ہونے والے ایف پی سی سی آئی الیکشن میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے اہلیت کے حامل امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا جائے۔افتخار علی ملک نے کہا کہ ہمارے نامزد امیدوار بزنس کمیونٹی میں جانے پہچانے جانے والے انتہائی باصلاحیت امیدوار ہیں اور بزنس کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں،یو بی جی ملک بھرکے تمام کاروباری اداروں کو یکساں اہمیت دیتا ہے اور ہم نے ایف پی سی سی آئی میں اقتدار میں رہتے ہوئے بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے پر مکمل توجہ دی یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی کاروباری برادری یو بی جی کے بینر تلے متحد ہے اور30دسمبر کو فیڈریشن چیمبر الیکشن میں ہمارے گروپ کے امیدواروں کے حق میں بھاری اکثریت سے ووٹ کاسٹ ہونگے۔
افتخار علی ملک نے کہا کہ ہمیں تجارتی سیاست میں نوجوان خون کو آگے لانا ہوگا کیونکہ مستقبل میں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہمارے نوجوان دنیا بھر میں اپنے آپ کو منواسکتے ہیں،میں نے بھی اپنے بھتیجے مومن علی ملک کو بزنس کمیونٹی کی خدمت کیلئے پیش کردیا ہے،یمیں یوتھ کو ڈیولپ کرناہوگا،میں نے 50سال پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی خدمت کی ہے،کراچی،اسلام آبادمیں ایف پی سی سی آئی کی عمارتیں تعمیرکرائیں اور اسلام آباد میں سارک چیمبر کی اسٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ تعمیر کرائی ہے،زندگی بھر جمہوری روایات پر عمل کیا ہے،کئی شہروں کے چیمبرزکولائسنس دلوائے، اکنامی کی ترقی کیلئے کام کئے،ہائی برڈ پر کام کیا۔
زبیرطفیل نے کہا کہ گزشتہ 2 سال کے دوران ایف پی سی سی آئی میں جعلی ووٹوں اور دھاندلی سے قابض گروپ بزنس مین پینل نے فیڈریشن کو تباہ کردیا ہے اورموجودہ عہدیدار حکومت کو بزنس کمیونٹی کے بہتر مفاد میں تجاویز دینے میں ناکام رہے ہیں، فیڈریشن کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو بزنس کمیونٹی کے سائل حل کرسکے،فیڈریشن کے ووٹرز یو بی جی کے بینر تلے متحد ہیں اور30دسمبر کو یو بی جی فیڈریشن الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گا۔ڈاکٹر نعمان بٹ نے کہا کہ لاہور یو بی جی کا قلعہ رہا ہے اور اس سال بھی بزنس مین پینل کو لاہور سے شکست ہوگی۔حنیف گوہر نے کہا کہ گزشتہ دوسال میں اقتدار پر قابض جعلی گروپ نے فیڈریشن چیمبر پر جو ضرب لگائی ہے اس کی درستگی سمیت فیڈریشن ہائوس کو دوبارہ اصلاحات کے عمل سے گزاریں گے، بزنس کمیونٹی کے حقیقی نمائندے ہی منتخب ہوکر حکومت کے سامنے کاروباری افراد کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔