انڈر 19 ایشیا کپ

انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو22رنز سے شکست دیکر فائنل میںرسائی حاصل کرلی

دبئی(گلف آن لائن) سری لنکا انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو 22 رنز سے ہرا کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں کھیلے گئے میچ میں 148 رنز کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 125 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے صرف پانچ کھلاڑی ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔احمد خان 36 اور محمد شہزاد 30 رنز بناکر پاکستان انڈر 19 ٹیم کے نمایاں بیٹر رہے۔ ان کے علاوہ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے باقی تین کرکٹرز قاسم اکرم نے19، عرفان خان نے 13 اور ارحم نواب نے ناٹ آئوٹ 11 رنز بنائے۔سری لنکا انڈر 19 کے تریوین میتھیوز نے 4 جبکہ دونیتھ ویلالاگے نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سری لنکا انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو احمد خان، اویس علی اور ذیشان ضمیر کی عمدہ بالنگ کی بدولت حریف ٹیم کی ابتدائی 8 وکٹیں محض 70 کے اسکور پر گر گئیں۔جس کے بعد یسیرو روڈریگو نے متھیشا پتھریانا اور تریوین میتھیوز کے ہمراہ بالترتیب 47 اور 30 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 147 تک پہنچایا۔ انہوں نے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ متھیشا پتھریانا نے 31 جبکہ تریوین متھیوز نے 12 رنز اسکور کیے۔ذیشان ضمیر نے 32 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی۔ احمد خان اور اویس علی نے بالترتیب 26 اور 27 رنز دے کر 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں