لاہور(گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ثبوت کے ٹرک اور صندوقوں سمیت عمران خان اور شہزاد اکبر کی گمشدگی کا اشتہار شائع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اور شہزاد اکبر شہباز شریف کے خلاف جھوٹے الزامات کے ثبوتوں کے صندوق لے کر عدالت نہ پہنچ سکے۔
عمران خان اور شہزاد اکبر شہباز شریف کے خلاف ثبوتوں کا ٹرک لے کر لا پتہ ہیں۔روزانہ سماعت کی درخواست کرنے والے 16 ماہ گزرنے کے باوجود انویسٹی گیشن رپورٹ جمع نہیں کرا سکے ، لگتا ہے شہباز شریف کے خلاف “ثبوت” سے بھرے ایف آئی اے ٹرک کے ٹائر پنکچر ہوگئے،نہ عمران خان اور شہزاد اکبر آئے نہ ثبوتوں کے ٹرک آئے اور نہ ثبوتوں کے صندوق پہنچے ،کہاں ہیں ثبوتوں کے وہ صندوق جو پیش ہونے تھے ؟،16 ماہ گزر گئے، ایف آئی اے کی رپورٹ پیش نہ ہوسکی، ثبوت کب پیش کریں گے؟۔انہوںنے کہاکہ شہباز شریف نے ڈٹ کر عمران خان کے سیاسی انتقام اور جھوٹ کا ملک میں اور بیرون ملک ہر عدالت میں مقابلہ کیا ہے۔
بشیر میمن نے عمران صاحب کے منہ پر گواہی دی کہ شہباز شریف کے خلاف کیس نہیں بنتا،نیب کے 58 والیمز نے گواہی دی کی ایک دھیلے کی کرپشن، کک بیک، اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں ہوا،12 ماہ شہباز شریف کو ناحق جیل میں قید کیا لیکن کرپشن نہ ملی ،اب ایف آئی اے 16 ماہ سے تفتیش مکمل نہیں ہو پا رہی، عمران خان100 سال بھی تفتیش کریں تو کرپشن نہیں ملے گی کیونکہ آپ نے جھوٹ بولا تھا۔
٭٭٭٭٭