اسلام آباد(گلف آن لائن)کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر میں کاروبار ی قرضہ جات کی تقسیم میں مزید تیزی آگئی ملک بھر سے کامیاب جوانوں میں 29 ارب مالیت سے زائد قرضوں کی تقسیم کا عمل مکمل ہوگی ،معاونِ خصوصی برائے اْمورِ نوجوانان عثمان ڈار نے قرض حاصل کرنے والے ملتان سے تعلق رکھنے والے جوان کی کہانی ٹویٹ کردی۔
ملتان سے تعلق رکھنے والے جوان سعید احمد نیقرض کی رقم سے موبائل فونزکا کام شروع کیا ۔ سعید احمد نے کہاکہ پہلے ملازمت کرتا تھا اور اپنا کاروبار شروع کرنا ہمیشہ سے ایک خواب تھا۔ سعید احمد نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام قرضہ سکیم کے تحت نیشنل بنک آف پاکستان سے 3 میلین کا قرضہ منظور ہوا۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان، کامیاب جوان پروگرام کی پوری ٹیم اور نیشنل بنک کا شکر گزار ہوں کیونکہ ان کی بدولت میرا خواب پورا ہوا۔ عثمان ڈار نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام سے خالصتاً میرٹ کی بنیادپر قرضہ جات کی تقسیم کو یقینی بنا رہے ہیں،ہزاروں نوجوان اس پروگرام کے تحت قرضے حاصل کرکے اپنا کاروبار چلا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کر رہے ہیں۔
عثمان ڈارنے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ہر مہینے دو سے تین ارب روپے مالیت کے قرضے منظور کیے جارہے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہاکہ دو سال کے دورانیہ میں 29 ارب روپے سے زیادہ مالیت کے کاروباری قرضوں کی تقسیم بڑی کامیابی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک بھر میں 4 ارب مالیت سے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو جدید اور روایتی شعبوں میں تکنیکی تعلیم کے زیور سے آراستہ کر چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام سے ابتک مجموعی طور پر 34 ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ بیس ہزار خاندان کامیاب ہوئیں۔