لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماوسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ پی ڈی ایم لانگ مارچ کرے یا شارٹ مارچ کرے ان کے من کی مراد کبھی پوری نہیں ہو گی ،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور انشا اللہ آئندہ بھی حکومت بنا کر کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے سمیت ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔
اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اتحاد میں شامل جماعتیں قدم سے قدم ملا کر نہیں چل رہیںبلکہ انہیں زبردستی گھسیٹ کر ساتھ چلا یا جارہا ہے ،اس وقت حکومت کے سامنے کوئی اپوزیشن نہیں اور ہماری اصل اپوزیشن مہنگائی ہے جس پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف بیانیے پر عوام حکومت کے ساتھ ہیں اور وزیر اعظم کرپشن کیسز پر مک مکا کرعوام کے اعتمادکوٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ اپوزیشن میں موجود کچھ لوگوں کا پاکستان کی موجودہ سیاست میں کوئی کردارہے اور نہ انہیں اپنا مستقبل نظر آرہا ہے اس لئے سیاسی تقویت حاصل کرنے کے لئے سہارے تلاش کئے جارہے ہیں ۔