بخارسٹ(گلف آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کاتین روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں رومانیہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ۔اتوار کو بخارسٹ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال اور رومانیہ کی وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 9 سے 12 جنوری 2022 تک رومانیہ اور سپین کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے دورے کے پہلے مرحلے میں وزیر خارجہ 9 سے 10 جنوری 2022 تک وزیر خارجہ بوگڈان اوریسکو کی دعوت پر بخارسٹ کا دورہ کریں گے،وزیر خارجہ رومانیہ کے وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے،ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون میں اضافے سمیت اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا ،وزیر خارجہ،اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں،(10 سے 12 جنوری 2022 تک) وزیر خارجہ جوزے مینوئل الباریس بیونو کی دعوت پر سپین کا دورہ کریں گے،
وزیر خارجہ اپنے ہسپانوی ہم منصب اور ہسپانوی پارلیمنٹ کے اراکین سے ملاقاتیں کریں گے،سپین میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے جو دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کام کرتی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ 2021 میں پاکستان اور اسپین نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ جوش و خروش سے منائی۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ رومانیہ اور سپین، دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں پاکستان کے اہم شراکت دار ہیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ ان دونوں دوست ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔