لاہور(گلف آن لائن)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کے خواب دیکھنے والے خود منہ کے بل گر چکے ہیں ،پاکستان کی تاریخ میں شاید یہ پہلی اپوزیشن ہے جو ملک و قوم کی بجائے اپنی قیادت کے مسائل کو اجاگر کرنے اور انہیں ریلیف دلوانے کیلئے سڑکوں پر نکلی لیکن ناکام رہی ،مسلم لیگ (ن) میں قیادت سنبھالنے کی جنگ عروج پر ہے ۔
اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت اصلاحات کے ذریعے سابقہ حکومتوں کے بیگاڑ کو درست کرنے کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔اپوزیشن کے مفادات کی اپنی اپنی فریکونسی ہے اس لئے یہ کبھی متحدنہیں ہو سکتے ، یہ لانگ مارچ اور احتجاج کی آڑ میں ایک دوسرے کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سانحہ مری پر اپوزیشن کا کردار صرف اپنی سیاست چمکانے تک محدود رہا جس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ، وقت آنے پر عوام ان کا کڑا محاسبہ کریں گے۔