لاہور(گلف آن لائن) بین الاقوامی سطح پر ای کامرس سیکٹر شاندار رفتار سے ترقی کررہا ہے، توقع ہے کہ رواں سال کے دوران یہ شعبہ نئی بلندیوں تک پہنچ جائے گا، پاکستان میں ای کامرس انڈسٹری کا ابھرنا خوش آئند مگر مزید توجہ دینا ضروری کیونکہ یہ معیشت کے لیے ڈرائیونگ فورس بننے کی بھرپور اہلیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی یاسر ہمایوں، لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق، لاہور چیمبر کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اوراوپن سورس سافٹ ویئر پروموشن کے کنوینر احمد مزمل اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے لاہور چیمبر میں ای کامرس پر سیمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر یاسر ہمایوں نے کہاکہ پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری ٹیک آف کرنے کو تیار ہے۔ آئی ٹی انڈسٹری میں اصل سرمایہ تربیت یافتہ افرادی قوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے پاس ہنر مند افرادی قوت نہیں ہوگی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہائی ٹیک اور آئی ٹی کے شعبوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرے جس پر تمام سٹیک ہولڈرز اکٹھے ہو سکیں۔لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں ای کامرس انٹرپرائز کی مسابقت کو بڑھانے اور عالمی تجارت میں اپنا حصہ بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، ای کامرس ملک کی معاشی تقدیر بدل سکتی ہے کیونکہ یہ عالمی سطح پر ٹریلین ڈالر انڈسٹری بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے، ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں رہتے ہیں، پچھلی دو دہائیوں کے دوران اس شعبے میں ہونے والی پیشرفت نے روزمرہ کی زندگی اور بالخصوص کاروباری دنیا کا پورا چہرہ بدل کر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معیشت کا لازمی جزو بن چکا ہے، وبائی امراض کے مشکل وقت میں بھی اس نے جامع تجارت اور اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس کے ذریعے زیادہ آسانی سے بین الاقوامی مارکیٹ میں داخل ہوا اور صارفین تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو چھوٹے و درمیانے درجے کے انٹرپرائزز ای کامرس کا پلیٹ فارم استعمال کرتے ہیں ان کی برآمدات میں اضافے کے امکانات روایتی کاروباروں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہیں۔
میاں نعمان کبیر نے کہا کہ امیزون اور علی بابا جیسے بین الاقوامی بڑے کارپوریشن پاکستان میں کام کررہے ہیں اور ایسے دیگر بین الاقوامی اداروں کے داخلے کے امکانات بہت زیادہ ہیں جس سے مسابقت پیدا ہوگی اور خدمات کا معیار بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ کو چاہیے کہ وہ دنیا بھر میں استعمال ہونے والے جدید ترین ٹولز اور تکنیکوں کو اپنائیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ان اقدامات کا مقصد کاروباری شعبہ کو آگاہی دینا اور کامیابی کے لیے سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔