ممبئی (گلف آن لائن) سوشانت سنگھ راجپوت کی بہن پریانکا سنگھ نے اپنے بھائی کو ان کی سالگرہ سے قبل انصاف دلانے کا وعدہ کیا ہے۔ پریانکا سنگھ نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی نوٹ لکھا جس میں بتایا گیا کہ وہ سوچتی ہیں کہ سوشانت کی بائیوپِک ابھی نہیں بننی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ جب تک سوشانت کو انصاف نہیں ملتا تب تک اْن کی زندگی پر کوئی فلم نہیں بننی چاہیے۔پریانکا نے لکھا کہ ‘یہ میرا اپنے بھائی، فنکار، ذہین، سشانت سنگھ راجپوت سے وعدہ ہے کہ میں اسے انصاف دلواؤں گی ‘۔
انہوں نے لکھا کہ مجھے حیرت ہے کہ اس انڈسٹری میں کس کے پاس سوشانت جیسی خوبصورت، معصوم اور متحرک شخصیت کو سکرین پر پیش کرنے کی صلاحیت ہے۔پریانکا نے لکھا کہ یہ توقع کرنا محض فریب ہی ہوسکتا ہے کہ اس غیر محفوظ فلمی صنعت سے کوئی بھی سوشانت کی غیرمعمولی ، منفرد کہانی کو سچائی کے ساتھ پیش کرنے کی ہمت اور جرات رکھتا ہو۔