لاہور( گلف آن لائن)گزشتہ ماہ دسمبر میں سوزوکی آلٹو گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا اورپاک سوزوکی نے اپنی سوزوکی آلٹو کی اب تک کی سب سے زیادہ ماہانہ گاڑیوں کی فروخت ریکارڈ کی ہے۔ پاکستان آٹو موٹیومینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2021 میں سوزوکی آلٹو کے 9 ہزار 195 یونٹس فروخت ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں 2 ہزار 420 یونٹس فروخت ہوئے اور دسمبر میں ماہانہ بنیاد پر آلٹو گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود فروخت میں 280 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سوزوکی کمپنی نے 11 نومبر 2021 کو اپنی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی 660 سی سی آلٹو کی قیمت میں ایک لاکھ 83 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا تھا۔ سوزوکی وی ایکس کی قیمت میں ایک لاکھ 61 ہزار روپیاضافے کے بعد قیمت 12 لاکھ 70 ہزار روپے ہوگئی۔ جبکہ آلٹو وی ایکس آر اور آلٹو وی ایکس ایل کی قیمت بالترتیب ایک لاکھ 73 ہزار روپے اور ایک لاکھ 83 ہزار روپے سے بڑھ کر 15 لاکھ 8 ہزار روپے اور 17 لاکھ روپے تک جا پہنچی۔