لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ جب حکومت کی مدت پوری ہونے میں محض ایک سال باقی رہ گیا ہو ایسے میں لانگ مارچ سوائے شعبدہ بازی کے کچھ نہیں ،لیگی امیدوار لندن اور رائے ونڈ بیانیے کے ساتھ انتخابی عمل میں اترنے کے لئے تیار نہیں ہیں جس کی وجہ سے مسلم لیگ میں کھلبلی مچی ہوئی ہے ۔
اپنے بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم والے آپس میں چھپن چھپائی کھیل رہے ہیں جس کا مقصد آئندہ عام انتخابات کیلئے خود کو سیاسی طور پر متحرک کرنا ہے لیکن عوام انہیں اس طرح کی سر گرمیوں سے پذیرائی نہیں دیں گے بلکہ 2018ء کی طرح 2023ء میں بھی ان کا کڑامحاسبہ ہوگا۔
انہوںنے کہا کہ شریف خاندان کئی دہائیاں اقتدار میں رہا ہے اس نے ملک میں شفافیت کی بجائے دو نمبر ی کو پروان چڑھایا اور اسی کا نتیجہ ہے کہ مافیا زنے اس ملک میں اپنے پنجے گاڑھے اور وہ اپنی من مانی کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان مافیاز کی گرفت کو کمزور کر رہے ہیں اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے اور انہیںقانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔