کراچی(گلف آن لائن)قومی کرکٹر عماد وسیم نے کہا ہے کہ ہم پی ایس ایل سیون میں کراچی کو مایوس نہیں کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پی ایس ایل سیون میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا،اب میری جگہ بابراعظم کراچی کنگز کے کپتان ہیں،قیادت سے ہٹائے جانے پر مجھے کوئی افسوس نہیں،بابر اعظم پاکستان کی شاندار انداز میں قیادت کر رہے ہیں وہ بہت گروم ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا کام اپنی ٹیم کے لیے کھیلنا ہے، پاکستان کی مسلسل عمدہ کارکردگی قابل تحسین ہے اس کا کریڈٹ پی سی بی کو بھی جاتا ہے۔ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کھلاڑیوں کے ساتھ بہترین رابطہ ہے۔
عماد وسیم نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمیں عالمی کپ میں فتح حاصل کرنی چاہیے تھی لیکن سیمی فائنل تک رسائی بھی معمولی بات نہیں ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ دنیا کی بہترین ٹیموں نے پاکستان کا رخ کرنا شروع کردیا ہے، بائیو سیکور ببل سے کھلاڑیوں پر ضرور اثر پڑتا ہے،ذہنی ایشوز ہوتے ہیں لیکن ملک کے وسیع تر مفاد میں میں برداشت کرنا پڑتا ہے اور اگر زیادہ صورتحال گھمبیر ہو جائے تو انتظامیہ کو مطلع کر دیتے ہیں۔ ہم کوشش کرتے ہیں کہ اچھی کارکردگی ہو نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔