کراچی (گلف آن لائن)پاکستان کے اہم ترین اسلامی مالیاتی ادارے ، بینک اسلامی نے پی ایس ایل سال 2020 کی فاتح ٹیم، کراچی کنگز کے ساتھ سال 2022 میں آئندہ منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے پلاٹینم اسپانسر شپ معاہدے پر باضابطہ طورپر دستخط کردیئے۔معاہدے پر دستخط کی یہ تقریب بینک اسلامی کے ریجنل آفس واقع بزنس اینڈ فنانس سینٹر ، کراچی میں منعقد ہوئی۔اس تقریب میں بینک اسلامی کے صدر اور سی ای او ، سید عامر علی ،اے آر وائی۔ ٹی وی کے سی ای او ، سلمان اقبال، کراچی کنگزکے محمد عامر، شرجیل خان اور عمید آصف اور دونوں فریقین کی جانب سے اعلیٰ انتظامیہ کے اراکین نے شرکت کی ۔ پی ایس ایل7کا آغاز 27جنوری،2022 کو کراچی میں ہوگا۔پاکستان سپر لیگ ،کرکٹ کے حوالے سے سال بھر میں منعقد ہونے والا سب سے بڑا ایونٹ ہے ،جس میں پوری دنیا سے بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی شرکت کرتے ہیں ۔کراچی کنگز پاکستان کے سب سے بڑے شہر کی آبائی ٹیم ہے ،جو پی ایس ایل 2020 کی فاتح بھی تھی۔
یہ ٹیم شہر کراچی کی نمائندگی کرتی ہے ،جو مجموعی طور پر یہاں بسنے والے مختلف ثقافتوں، تہذیب و تمدن اوررنگ و نسل پرمبنی افراد پر مشتمل ایک مصروف ترین میٹروپولیٹن مرکز ہے ۔بینک اسلامی ملک بھر میںپہلا شیڈول اسلامی بینک ہے اور اپنے کسٹمرز کوبینکاری میں مروجہ شرعی اصولوں کے ذریعے متنوع و مختلف مالیاتی سروسز پر مشتمل پورٹ فولیوکی فراہمی کے ساتھ اس کا شمار انتہائی جدید ٹیکنالوجی کے حامل اداروں میں کیا جاتا ہے ۔کراچی کنگز فرنچائز کے آفیشل اسپانسر کی حیثیت سے ،بینک اسلامی کا بنیادی مقصد نہ صرف کرکٹ کا فروغ ہے بلکہ ساتھ ہی ملک میں نوجوان کھلاڑیوں کی دیرینہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھا نا ہے ۔اس موقع پر بینک اسلامی کے صدر اور سی ای او، سید عامر علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ،”پی ایس ایل ایک اعلیٰ سطح کا قومی ٹورنامنٹ ہے اور کراچی کنگز ہماری اپنی آبائی ٹیم ہے ۔بینک اسلامی نے ہمیشہ ایسی تمام سرگرمیوں کو سہولیات بہم فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، جس کے ساتھ قومی جذبات منسلک ہوں ۔کراچی کنگز کے ساتھ ہونے والی یہ شراکت داری ہماری ان کاوشوں کا عملی ثبوت ہے کہ ہم صرف پاکستان کی سطح پر ہی کھیل کے فروغ کی معاونت نہیں کرتے بلکہ ہر طرح کی مقامی سرگرمیوں کو بھی یکساں سہولیات فراہم کرتے ہیں ۔
ہماری ٹیگ لائن” جیتے گا پاکستان” ہمارے اس مقصد کی عکاس ہے اور اس شراکت داری کی اصل روح کو اجاگر کرتے ہوئے یہ پیغام دیتی ہے کہ قطع نظر اس کے کہ جیت کسی بھی ٹیم کی ہو، اختتام میں پاکستان ہی فاتح بن کر ابھرتا ہے۔کراچی کنگز بابر اعظم، عماد وسیم، محمد عامر اور دیگر بہت سے اسٹار کھلاڑیوں کے ساتھ ، پی ایس ایل 7 کی سب سے مضبوط ٹیموں میں سے ایک ہے،جو اس سال ان کے سر جیت کا سہراسجانے کے لیے انہیں سب سے زیادہ پسندیدہ ٹیم بناتے ہیں۔