قندوز(گلف آن لائن)افغانستان کے صوبہ قندوز میں مرکزی جیل سے 20 قیدی فرارہوگئے تاہم افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ فرار ہونیوالے قیدیوں کو دوبارہ حراست میںلے لیا گیا ہے۔ افغان میڈیا نے عینی شاہدین کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ جمعہ کی شام قندوز کے مرکزی جیل سے 20 کے لگ بھگ قیدی جیل کی دیوارپھلانگ کرکے جیل کی عمارت سے فرار ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جیل کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی گارڈز نے فرارہونے والے قیدیوں کا راستہ روکنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی اور بھاگ جانے والے قیدیوں کا پیچھا کیا تاہم قیدی فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ان قیدیوں کو طالبان کے اقتدار کے بعد گرفتار کرکے جیل میں رکھا گیا تھا۔ ادھر طالبان نے ہفتہ کے روزجاری بیان میں ان رپورٹس کو مستردکیا ہے کہ داعش نے جیل پر حملہ کرکے قیدیوں کو فرارہونے میں مدد دی ہے اور کہا ہے کہ حکام نے تمام فرارہونے والے قیدیوں کو دوبارہ حراست میں لے کر جیل میں سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا ہے۔