راولپنڈی (گلف آن لائن)وزیرداخلہ شیخ رشید احمدنے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کے ”مکھی کی طرح عمران خان کو نکال پھینکنے ”کے بیان کو مضحکہ خیز قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سڑکوں پر آ گیا تو واقعی بہت خطرناک ہوگا، اپوزیشن پیچھے نہ ہٹے ، 23 مارچ کو سڑکیں بند ہوں گی اپوزیشن ذلیل وخوار ہو گی ‘ساڑھے تین سال میں کسی بل پر اپوزیشن حکومت کو شکست نہیں دے سکی ہے،یہ لوگ سیاسی شکست کھائیں گے،عمران خان ایماندار آدمی ہیں، ان کے اور اسٹیبلشمنٹ کے بہت اچھے تعلقات ہیں،اپوزیشن کو پتہ لگ جائیگا ،3 مارچ کو وزیراعظم چین جارہے ہیں، اچھے نتائج نکلیں گے،ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ پر فواد چوہدری تفصیلی جواب دیں گے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ 23 مارچ حساس دن ہے، اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اسلام آباد کیا کرنے آرہے ہیں؟ کیا ایجنڈا ہے؟انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کوسڑکیں بند ہونگی، اپوزیشن اپنا شوق پورا کرلے، ممکن ہے کہ 23 مارچ کو موبائل فون سروس بھی بند ہو، اسلامی دنیا کے سینکڑوں وزرائے خارجہ اسلام آباد آرہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن 23 مارچ کو آئے، اس کو سیاسی شکست اور ذلت نصیب ہوگی،یہ 23 مارچ کو اسلام آباد آئیں ہم کوئی مسئلہ پیدا نہیں کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں کسی بل پر اپوزیشن حکومت کو شکست نہیں دے سکی ہے، آپ کو مالیاتی بل پر بھی شکست ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پہلے استعفوں اور پھر عدم اعتماد سے بھاگ گئی، اپوزیشن سے ہونا کچھ نہیں، عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ ایسی نالائق اپوزیشن ملی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن نے ساڑھے تین سال میں کیا کیا؟ صرف عمران خان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات دیئے ہیں، عوام ساڑھے تین سال سڑکوں پر نہیں نکلی، ٹریکٹر ٹرالی پر بھی کوئی عوام نہیں نکلی۔انہوںنے کہاکہ صدارتی نظام اور ایمرجنسی کا معاملہ کابینہ میں نہیں آیا، 3 مارچ کو وزیراعظم چین جارہے ہیں، اچھے نتائج نکلیں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان ایماندار آدمی ہیں، ان کے اور اسٹیبلشمنٹ کے بہت اچھے تعلقات ہیں، اپوزیشن کو پتہ لگ جائے گا، ابھی انہیں سمجھ نہیں آ رہی، آپ نے سڑکوں کا انتخاب کیا ہے انشاء اللّٰہ آپ ذلیل و خوار ہونگے۔وزیر داخلہ نے کہاکہ ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ پر فواد چوہدری تفصیلی جواب دیں گے، عمران خان کنفیوژنہیں ہیں، ابھی صحت کارڈ پر تقریر کی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے بڑی عجیب بات کی ہے کہ مکھی کی طرح عمران خان کو نکالیں گے، یقین سے کہتا ہے عمران خان کے پاس عوامی طاقت ہے،عمران خان نے خطرناک ہونے کا میسج اپوزیشن کو دیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نالائق اپوزیشن نے عمران خان پر غیر ذمہ دارانہ الزامات لگائے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سانحہ مری پر افسوس ہے، میں وہاں خود دو دن تک موجود تھا، یہ بھی کہا کہ سانحے کے وقت مشینیں کیوں کھڑی تھیں؟ کام ہونا چاہیے تھا۔