وزیر اعلی پنجاب

تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کے لیے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی، وزیراعلی پنجاب

لاہور (گلف آن لائن) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کے لئے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی، براہ راست الیکشن سے بلدیات کی سیاست میں حقیقی تبدیلی رونما ہوگی، نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ساڑھے 3 گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس ہوا ہے، وزیراعلی آفس میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزرا راجہ بشارت،میاں محمود الرشید اورمتعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں پارٹی اموراوربلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے مختلف آپشنز پر تفصیلی غور بھی کیا گیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ براہ راست الیکشن سے بلدیات کی سیاست میں حقیقی تبدیلی رونما ہوگی، تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کے لئے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ مشاورت کے ساتھ پارٹی سے مخلص اورمضبوط امیدواروں کا چنا کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں گے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر مخدوم خسروبختیاراور صوبائی وزیر ہاشم جواں بخت نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ دوسری طرف وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید جوانوں کی وطن عزیز کیلئے قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ شہدا نے وطن عزیز کے امن کے لئے اپنا آج قربان کی، شہدا ہمارا سرمایہ ہیں، مٹھی بھر عناصر دہشت گردی کے ذریعے قوم کے بلند حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف پوری قوم یکسو ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو شہدا کی قربانیوں پرفخر ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کر نے کی سازش کر رہا ہے۔ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہے، قومی یکجہتی اور اتفاق کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں