لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کامیابیاں سمیٹ رہا ہے جبکہ اپوزیشن کی سیاست کی نبض ڈوب رہی ہے ،کورونا وباء کے باوجود جی ڈی پی کی مثبت گروتھ سے اپوزیشن کا منفی پراپیگنڈا بھی دفن ہو گیا ۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ تمام عالمی اداروں کی رپورٹس ہیں کہ کورونا وباء کے باوجود پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت گروتھ کی جانب گامزن رہے جس سے ماضی کے نام نہاد تجربہ کاروں کے سارے دعوے ٹھس ہو گئے ہیں ۔
بڑی صنعتوں ،آئی ٹی اور ای کامرس سمیت دیگر شعبہ جات کی ترقی سے بھی ملک کی مجموعی قومی پیداوار اور اقتصادی ترقی میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے ،معیشت کو ترقی دینے والے اشاریوں کے مثبت ہونے سے واضح ہو گیا ہے کہ عوام کو گمراہ کرنے کی ساشیں کرنے والے ناکام اور نامراد ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گندم سمیت تمام اجناس کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ، اپوزیشن کے گندم کی پیداوار میں کمی کے دعوے بھی وقت آنے پر جھوٹ ثابت ہوں گے اور انہیں ہر بار کی طرح منہ کی کھانا پڑے گی ۔