واشنگٹن(گلف آن لائن)امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ سے ملاقات کی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پینٹاگان میں ہونے والی اس ملاقات میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے حالیہ حملوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایک ٹویٹ میں امریکی وزیر دفاع نے حوثیوں کے حملے کی مذمت کی جس میں متحدہ عرب امارات میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور دفاع کے لیے امریکا ہرممکن تعاون کرے گا۔امریکا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے لکھا کہ واشنگٹن کو حوثی ملیشیا کو دہشت گردی کی فہرست میں واپس لانے کے لیے ابھی کارروائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلا قدم حوثی ملیشیا کو اس کے حامیوں کی طرف سے مالی اور اسلحے کی ترسیل کو روکنا ہے۔وائٹ ہائوس نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان اور امریکا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ سے حالیہ حوثی دہشت گرد حملوں پر تبادلہ خیال کیا۔بیان میں کہا گیا کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے یمنی بحران کے سیاسی حل کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔