یورپ

یورپ نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی اسرائیل کے خلاف رپورٹ کو معتبر قرار دیدیا

برسلز( گلف آن لائن)یورپی یونین نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی اسرائیل کے خلاف اس رپورٹ کو معتبر قرار دیا ہے جس میں اسرائیل کو ایک نسل پرست حکومت قرار دیتے ہوئے اپیل کی گئی ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف نسل پرستانہ اقدامات پر بین الاقوامی عدالت میں مقدمات قائم کیے جائیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے مرکزی ترجمان پیٹر اسٹانو نے اس رپورٹ پر سوال کا جواب دیتے ہوئے اسے ایک معتبر ادارے کی جانب سے قابل اعتبار رپورٹ قرار دیا۔

ترجمان نے کہا کہ ہم ایمنسٹی کی اس رپورٹ کو بھی اتنی ہی سنجیدگی اور توجہ سے لے رہے ہیں جس طرح دوسری این جی اوز کی رپورٹ کو لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپین یونین اور اس کے ممبر ممالک اسرائیل اور فلسطین میں گراونڈ پر صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق اور دیگر مسائل پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی چاہے کوئی ریاست کرے یا غیر ریاستی عناصر، اس سے ہمیشہ امن کی کوششوں کو نقصان ہی پہنچتا ہے۔یاد رہے کہ ایمنسٹی نے گزشتہ روز ایک رپورٹ شائع کی تھی، اس میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے تمام طرح کے حقوق کے استحصال کے طریقوں پر بات کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں