اسلام آباد

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 43رنز سے ہرادیا

کراچی(گلف آن لائن )نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ایچ بی ایل پی ایس ایل 7کے دسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 43 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی،کولن منرو، پال اسٹرلنگ اور اعظم خان نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں،شاداب خان نے 5 ، محمد وسیم اور حسن علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں،شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر کولن منرو کو مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔230رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 186 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کی عمدہ بائولنگ کے سامنے اوپنر احسان علی اور محمد نواز کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی بیٹرز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور یکے بعد دیگرے آئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔

شاداب خان نے 28رنز کے عوض 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔شاہد آفریدی اور راشد خان کے بعد وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں 50 وکٹیں مکمل کرنے والے تیسرے اسپنر بن گئے ہیں۔احسان علی نے 27 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔محمد نواز 22 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 47 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔شاداب خان نے 5 جبکہ محمد وسیم اور حسن علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے۔کولن منرو، پال اسٹرلنگ اور اعظم خان نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

تینوں کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر میچ میں 14 چھکے لگائے۔پال اسٹرلنگ نے 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جارحانہ انداز فراہم کیاجس کے بعد کولن منرو نے 39 گیندوں پر 5 چھکے اور 3 چوکے لگا کر اسکور بورڈ کو تیزی سے آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا،وہ 72 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔رہی سہی کسر اعظم خان نے چھ چھکے لگا کر نکال دی۔انہوں نے 35 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی۔اسپنر محمد نواز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر کولن منرو کو مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں