پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز

حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد کرے ‘کارپٹ ایسوسی ایشن

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو برآمدات کے فروغ کیلئے سنگل کنٹری نمائشوں کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور عالمی حالات کو پیش نظر رکھ کر تجارتی پالیسی تشکیل دے کر اہداف مقرر کئے جائیں ،حکومت اور متعلقہ اداروںکو برآمدکنندگان کی حقیقی مشکلات سے آگاہی ہونی چاہیے ،برآمدات میں مضبوط ساکھ رکھنے والے برآمد کنندگان کو کسی وجہ سے بیرونی ادائیگیوں میں تاخیر ہوجانے پر ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک ، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ،وائس چیئرمین اعجاز الرحمان، سینئر ایگزیکٹو ممبر ریاض احمداور سعید خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مختلف ممالک کی مارکیٹوں تک رسائی کیلئے از خود نمائشوں کا انعقاد کرنا چاہیے اوراگر حکومت اس پر عمل پیرا ہو جائے تو پاکستانی مصنوعات کو بیحد پذیرائی مل سکتی ہے ۔ برآمد کنندگان کو انتہائی چیلنجز کا سامنا ہے جس کیلئے انہیں فوری طور پر سہولیات اور مراعات دی جانی چاہئیں۔ کارپٹ انڈسٹری انتہائی مشکلات کا شکار ہے اس لئے حکومت اور متعلقہ اداروں کو نہ صرف برآمد کنندگان کی مشکلات کو سمجھنا چاہیے بلکہ ان کا ازالہ بھی کیا جائے۔ برآمدکنندگان کو بیرونی ادائیگیوں میںتاخیر پر ہراساں کیاجاتا ہے جو درست اقدام نہیں ،برآمدات میں ساکھ رکھنے والے برآمد کنندگان کو اس تناظر میں مہلت ملنی چاہیے ۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں