لاہور( گلف آن لائن) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن و لاہور چیمبر کے سابق صدر پرویز حنیف نے کہا ہے کہ سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ہماری معیشت کی ترقی کیلئے ٹول ثابت ہو سکتاہے ،بہت سے ممالک میں چھوٹے پیمانے پر انڈسٹری لگانے ،سرمایہ کاری ،مصنوعات کی تیاری اور انہیں مارکیٹ تک لے جانے کے بنیادی طریقے بتائے جاتے ہیں جس سے وسائل کا ضیاع نہیں ہوتا ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت یا اداروں کی جانب سے محض بلا سود قرضے دینے کے اعلانات سے ایس ایم ایز کی ترقی ممکن نہیںبلکہ اس کے لئے جامع او رموثر منصوبہ بندی نا گزیر ہے ۔
ایسے لوگ جو چھوٹے پیمانے پر انڈسٹری لگانایا کاروبار کرنا چاہیں انہیں پبلک ،پرائیویٹ اداروں کی زیر نگرانی بنیادی اصولوں کی تربیت دی جائے ، انہیں ویلیو ایڈیشن سے آگاہ کیا جائے ،تیار مصنوعات کو مارکیٹ تک لے جانے اور ڈسپلے کرنے کے لئے بھی مناسب انتظامات کئے جائیں اور یہی لوگ مستقبل میں معیشت میں کلیدی کردار ادا کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔