جسٹن ٹروڈو

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی احتجاجی ٹرک ڈرائیورز کو وارننگ

ٹورنٹو (گلف آن لائن)کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے احتجاجی ٹرک ڈرائیورز کو وارننگ دے دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے دارالحکومت اوٹاوہ میں احتجاج کرنے والے ٹرک ڈرائیورز کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے آپ کو سن لیا ہے، اب آپ کے گھر جانے کا وقت ہے۔ٹروڈو نے ٹرک ڈرائیورز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ کو لے کر آپ کے تحفظات کو ہم نے اچھی طرح سنا ہے، اب آپ لوگ گھر جائیں۔وزیراعظم ٹروڈو اور اوٹاوہ کے میئر نے عوام کیلئے مصنوعات کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والوں کو بھاری جرمانوں سے بھی خبردار کیا ہے۔

دوسری جانب کینیڈا کی عدالت نے اس حوالے سے ایک حکم امتناع بھی جاری کیا ہے جس میں عدالت نے سرحد بلاک کرنے والے ڈرائیورز کو انٹرنیشنل برج کو خالی کرنے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ کینیڈین حکومت کی جانب سے بارڈر کراسنگ پر کووڈ ویکسی نیشن لازمی قرار دیے جانے کے بعد سے ٹرک ڈرائیورز سراپا احتجاج ہیں اور انہوں نے دارالحکومت کی کئی شاہراہوں پر ٹرک کھڑے کرکے انہیں بند کررکھا ہے۔اوٹاوہ کے میئر نے ٹرک ڈرائیورز کے احتجاج کے باعث شہریوں کی سکیورٹی کے پیش نظر ریاست میں ایمرجنسی کے نفاذ کا بھی اعلان کررکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں