لاہور(گلف آن لائن) شان مسعود اور محمد رضوان کی ان فارم اوپننگ جوڑی نے کراچی کنگز کے خلاف 100 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے ملتان سلطانز کو 7وکٹوں سے کامیابی دلا کر اپنی ٹیم کو ایک بار پھر پی ایس ایل 7 کے وننگ ٹریک پر چڑھا دیا ،کپتان محمد رضوان نے ٹورنامنٹ میں اپنی چوتھی نصف سنچری اسکور کی،دفاعی چمپئن نے ایونٹ میں ساتویں کامیابی حاصل کی جبکہ آٹھ گروپ میچز کھیلنے والی کراچی کنگز کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی،فاتح ٹیم نے کراچی کنگز کا دیا گیا 175 رنز کا ہدف 19ویںاوور کی تیسری گیند پر محض تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 23ویں میچ میں کراچی کنگز کے دئیے گئے 175رنز کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان نے آٹھ چوکوں کی بدولت 76 رنز کی اننگز کھیلی۔ شان مسعود نے چھ چوکوں کی مدد سے 45 رنز اسکور کیے۔ملتان سلطانز کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے 29 رنز درکار تھے کہ خوشدل شاہ نے کرس جارڈن کو تین گیندوں پر دو چھکے اور ایک چوکا لگا کر میچ میں دفاعی چمپئن کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔خوشدل شاہ نے 9 گیندوں پر ناٹ آئوٹ 21 رنز بنائے۔رائیلی روسو 5 گیندوں پر 14 رنزبناکر ناٹ آئوٹ رہے۔میر حمزہ نے دو اور کرس جارڈن نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بالنگ کی دعوت دی اورکراچی کنگز نے مقررہ اوورز میںملتان سلطانز کو فتح کے لیے 175رنز کا ہدف دیا اور اس کے 6کھلاڑی آئوٹ ہوئے ۔
اننگز کے آغاز میں ہی کراچی کنگز کو بابر اعظم کی قیمتی وکٹ گنوانا پڑی اور رومان رئیس نے 2 رنز بنانے والے حریف ٹیم کے کپتان کو میدان بدر کیا ۔اس موقع پر جو کلارک وکٹ پر موجود شرجیل خان کا ساتھ دینے آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 72رنز کی شراکت قائم کی۔جو کلارک نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن شرجیل مستقل جدوجہد کرتے نظر آئے، ابھی دونوں کھلاڑیوں نے ہاتھ کھولنا شروع کیا ہی تھا کہ جو کلارک کی 29 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔شرجیل خان نے دو چھکے لگا کر خطرناک عزائم طاہر کرنے کی کوشش کی لیکن خوشدل شاہ نے ان کی 40رنز کی اننگز کا خاتمہ کرکے پویلین کی راہ دکھا دی۔گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے نوجوان قاسم اکرم نے 13 رنز بنائے وہ دھانی کو ایک چھکا لگانے کے بعد دوسرا مارنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ روحیل نذیر نے 21رنز بنائے۔
اختتامی اوورز میں محمد نبی اور عماد وسیم نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 48رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت کراچی کنگز کی ٹیم معقول مجموعے تک رسائی حاصل کر سکی۔نبی نے 21 اور عماد وسیم نے 32رنز بنائے۔اس سے قبل میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں تبدیلیاں کی گئی تھیں اور کنگز نے صاحبزادہ فرحان کی جگہ روحیل نذیر جبکہ ملتان سلطانز نے تین تبدیلیاں کرتے ہوئے فائنل الیون میں عامر عظمت، آصف آفریدی اور رومان رئیس کو شامل کیا۔