اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کو وفاق اور پنجاب میں کوئی خطرہ نہیں،جہانگیر ترین پارٹی کےساتھ ہیں ، نقصان نہیں پہنچائیں گے، شریف خاندان کاپیسہ اگرپاکستان آجائے تومعاشی حالات بہترہوجائیں گے،عمران خان کے لیول کاکوئی شخص پاکستان میں نہیں، اپوزیشن تحریکِ عدم اعتماد پرسوں کے بجائے کل لے آئے ،ان کے گھر والے بھی ان پر اعتماد نہیں کرتے، مرادسعیدنے نازیباالفاظ پرقانونی قدم لیاجواچھی بات ہے۔
جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا دورہ روس گیم چینجر ہو گا، چین کے بعد روس سے ہمارے تعلقات مستحکم ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ23 سال بعد پاکستان کے کسی لیڈر کو ماسکو میں دعوت دی گئی ہے، روس کے ساتھ بھی پاکستان کے مستحکم تعلقات قائم ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لیول کاکوئی شخص پاکستان میں نہیں، اپوزیشن منہ اور مسور کی دال ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن مریم نواز، شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری سب بونے ہیں، اپوزیشن رہنماﺅں کی عالمی سطح پر نہیں سنی جاتی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تحریکِ عدم اعتماد پرسوں کے بجائے کل لے آئے ،سینیٹ میں اکثریت کے باوجود یہ ووٹ پورے نہیں کر سکتے،اسمبلی میں کیا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف عدم اعتماد لانے والوں پر ان کے گھر والے بھی اعتماد نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں جہلم سے کلین سویپ کرےگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی حکومت کو نہ وفاق میں خطرہ ہے اور نہ ہی پنجاب میں ہے۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین سے احترام کا رشتہ ہے اور وہ پارٹی کے ساتھ رہیں گے اور اسے کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسی صورت پارٹی کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف سے ایک ملین ڈالر لیا ہے، لندن میں حسن نواز کے اپارٹمنٹ کی قیمت ہی بلین ڈالر ہے، اگر مریم نواز کے دل میں احساس ہے تو اپنے بھائیوں سے کہیں کہ پاکستان کے پیسے واپس کردیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کابینہ میں توسیع پر غور کررہے ہیں، مزید وزرائے مملکت کابینہ میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ مرادسعیدنے نازیباالفاظ پرقانونی قدم لیاجواچھی بات ہے۔