ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

پاکستان سینیٹ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے’ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چئیرمین سینٹ آف پاکستان مرزا محمد آفریدی سے سیکرٹری آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹرینز گروپ برٹش پارلیمنٹ اور ہاؤس آف لارڈ کے رکن لارڈ قربان حسین،جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین، لیڈز کے لارڈ میئر محمد اصغر قریشی ودیگر کی ملاقات،ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان سینیٹ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اس سلسلے میں ہم مختلف اقدامات اُٹھائیں گے۔

ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا واضح پیغام دیتے ہیں۔کیونکہ وہ انتہائی نامساعد حالات میں نو لاکھ بھارتی افواج کی موجودگی میں اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹرینز گروپ برٹش پارلیمنٹ اور ہاؤس آف لارڈ کے رکن لارڈ قربان حسین نے کہا کہ ہم برطانوی پارلیمنٹ کے اندر مسئلہ کشمیر کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی کوشش کر رہے ہیں برطانوی پارلیمنٹ کے ذریعے برطانوی حکومت پر ہم ہمیشہ دباؤ ڈالتے ہیں کہ وہ بھارت کے خلاف بولے اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر جاری ظلم وستم کی داستان کو رکوانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلوائے۔

لارڈ قربان حسین نے کہا کہ برطانوی ممبران سے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالہ سے بحث ہوتی ہے اور ان شاء اللہ ہم ہر فورم پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، چئیرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین نے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کو تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی سرگرمیوں کے حوالہ سے مکمل بریفنگ دی انھوں نے بتایا کہ ہم نے ہمیشہ یورپ اور انگلینڈ کے اندر تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالہ سے مختلف ریلیاں، سیمیناز، ویبینار اور جلسے، جلوس منعقد کروائے ہمارا یہی ماٹو ہے کہ ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہن بھائیوں کی آواز بنیں اور ان کی آواز کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچا سکیں۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ایسے اقدامات اُٹھا رہا ہے جس سے وہ چاہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر ختم ہو کر رہ جائے اور وہ کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ بنا دے۔ لہذا اس کے خلاف ہمیں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جارحانہ انداز میں اُٹھانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کرنی ہونگی۔

اگرچہ ہم ہر موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں لیکن اب ہمیں مزید موثر انداز میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔لیڈز کے لارڈ میئر محمد اصغر قریشی نے کہا کہ اب مسئلہ کشمیر تیزی سے اپنے حل کی جانب بڑھ رہا ہے ہمیں مل جل کر کشمیریوں کی آواز بننا پڑے گا اور دنیا کو بھارت کا گھناؤنا چہرہ دکھانا ہو گا جو اپنے آپ کو جمہوریت کا جھوٹا دعوے دار کہلواتا ہے ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی نے وفد کو یقین دلایا کہ پوری قوم مقبوضہ جموں وکشمیر کے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور ان شاء اللہ مقبوضہ جموں وکشمیر جلد آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔آخر میں ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے وفد کے سربراہ سیکرٹری آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹرینز گروپ برٹش پارلیمنٹ اور ہاؤس آف لارڈ کے رکن لارڈ قربان حسین کو شیلڈ بھی پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں