بیجنگ (انٹرنیشنل نیوز)24 ویں بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز کی شاندار اختتامی تقریب بیجنگ کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ چینی صدر شی جن پھنگ ، وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ اور دیگر اہم قومی رہنماؤں اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
بیجنگ سرمائی اولمپکس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین چھائی چھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان ناقابل فراموش 16 دنوں میں، دنیا بھر کے ایتھلیٹس نے میدان میں بھرپور مقابلہ کیا، کھیلوں کی دلکشی دکھائی، اور “مزید تیز، مزید بلند، مزید مضبوط اور مزید اتحاد” کے اولمپک نعرے کی حقیقی ترجمانی کی۔
اولمپک خاندان کے ارکان نے اتحاد اور تعاون کا مظاہرہ کیا، اور مختلف ذرائع ابلاغ نے ذمہ دارانہ کوریج کی۔ بیجنگ سرمائی اولمپکس کے اندرونی اور بیرونی ہر شاندار لمحے کو دنیا کے سامنے پیش کیا گیا ۔ ان تمام دوستوں کا شکریہ جنہوں نے بیجنگ سرمائی اولمپکس میں حصہ لیا، حمایت کی اور خدمات سرانجام دیں، آپ نے سرمائی اولمپکس کی حقیقی شان کا عمدہ اظہار کیا ہے۔
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے اپنے خطاب میں سرمائی اولمپک گیمز کے اولمپک ولیج کو منفرد ،حیرت انگیز اور تنظیمی امور کو غیر معمولی قرار دیا۔انہوں نے بیجنگ سرمائی اولمپکس کی آرگنائزنگ کمیٹی، چینی حکومت کے محکموں اور چین میں اپنے تمام شراکت داروں اور دوستوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعی بے مثال سرمائی اولمپک گیمز ہیں، اور ہم چین کو آئس اینڈ اسنو اسپورٹس میں ایک بڑا ملک بننے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ آخر میں، باخ نے 24ویں سرمائی اولمپکس کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے نوجوانوں سے چار سال بعد میلان-کورٹینا ڈی امپیزو میں 25ویں سرمائی اولمپکس کے دوران ملاقات ہو گی۔