ڈی جی آئی ایس پی آر

پاکستان غیر یقینی صورتحال سے امن کی جانب گامزن ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (گلف آن لائن) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے آپریشن رد الفساد کو 5 سال مکمل ہونے پر کہا ہے کہ آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور ملک غیر یقینی صورتحال سے امن کی جانب گامزن ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ آپریشن ردالفساد کا بنیادی مقصد پاکستان کے عوام کی سلامتی ہے، آپریشن کو 5 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ڈی جی آئی اسی پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن دہشت گردی کے خلاف 2 دہائیوں سے جاری طویل جنگ کے فوائد کو مستحکم کرنے اور ملک بھر میں دہشت گردوں کی باقیات کو ختم کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔

انہوںنے کہاکہ ملک کامیابی سے امن کی جانب گامزن ہے، رد الفساد میں شہدا کی قربانیوں اور شہریوں کی جذبے سے کامیابی حاصل ہوئی۔اس حوالے سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں اور اپنی عظیم قوم کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔خیال رہے کہ 22 فروری2017 کو پاک فوج نے ملک بھر میں آپریشن رد الفساد شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس آپریشن کا مقصد ملک بھر کو اسلحے سے پاک کرنا، بارودی مواد کو قبضے میں لینا، ملک بھر میں دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

آپریشن رد الفساد کے آغاز کے بعد سے مختلف علاقوں خاص طور پر جنوبی اور شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے متعدد کامیاب کارروائیاں کی گئیںجس میں سیکڑوں دہشت گرد ہلاک اور دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے متعدد جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں