پنجاب

پنجاب میں بننے والے 10سپیشل اکنامک زونز صنعتی انقلاب کے نئے دور کا آغاز اور تیز رفتار معاشی ترقی کے ضامن ہیں ‘ میاں اسلم

لاہور(گلف آن لائن )صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ خصوصی اقتصادی زونز پنجاب میں صنعتی انقلاب کے نئے دور کا آغاز ہے۔پنجاب میں بننے والے 10سپیشل اکنامک زونز تیز رفتار معاشی ترقی کے ضامن ہیں اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے لئے مثالی ماحول یقینی بنایا گیا ہے۔ان زونز میں سرمایہ کاری پر انکم ٹیکس میں 10سال کی چھوٹ ہے۔ پلانٹ اور مشینری کی درآمد پر تمام کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکسوں میں بھی ایک بار کی چھوٹ ہے۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے یہ بات فیڈمک آفس میں صنعتکاروں کی پلاٹوں کی منسوخی کے حوالے سے شکایات سنتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے بعض شکایات کے ازالے کے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

سی ای او فیڈمک رانا محمد یوسف اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتی مراکز میں عالمی معیار کاصنعتی انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے اور سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کی سہولت بھی دی گئی ہے۔گیس، بجلی اور پانی کی بلاتعطل دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ صنعتی مراکز کی 100فیصدکالونائزیشن یقینی بنائی جائے گی۔صنعتی مراکز میں حاصل کردہ پلاٹوں پر ہر صورت صنعتی یونٹس ہی لگیں گے۔ میاں اسلم اقبال نے ہدایت کی کہ فیڈمک کے زیر اہتمام صنعتی مراکز میں ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں