کابل(گلف آن لائن) اقوام متحدہ نے سابق افغان صدر محمداشرف غنی کا نام سربراہان مملکت کی فہرست سے نکال دیا ہے۔اقوام متحدہ کی آفیشل ویب سائٹ پر چند روز قبل 15 فروری کو نظرثانی شدہ اور ترمیم شدہ فہرست میں افغانستان کی خاتون اول کے طورپر سابق صدراشرف غنی کی اہلیہ رولا غنی(بی بی گل) کا نام بھی ہٹادیا گیا ہے تاہم فہرست میں افغانستان کے صدر کاعہدہ ‘صدر اسلامی جمہوریہ افغانستان’ کے طورپر پر بدستور موجود ہے۔
اسی طرح سابق افغان وزیر خارجہ محمدحنیف اتمر کا نام بھی وزرائے خارجہ کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے تاہم اقوام متحدہ میں افغانستان کے نمائندے کے ناظم الامورنصیراحمد فائق کانام فہرست میں درج ہے جسے افغانستان کے امور کے ناظم کے طورپر نامزد کردیا گیا ہے۔اقوام متحدہ میں افغانستان کے سابق سفیر اور اقوام متحدہ میں افغانستان کے مستقل نمائندے غلام محمد اسحاق زئی کے مستعفی ہونے کے بعد اقوام متحدہ میں افغانستان کی نشست پر تنازع کے بعد نصیراحمدفائق کو چارج ڈی افیئر مقررکیا گیا تھا ۔