بسمہ معروف

آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانا ہدف ہے، بھارت کے ساتھ میچ دلچسپ ہوگا،بسمہ معروف

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانا ہمارا ہدف ہے بھارت کے ساتھ میچ دلچسپ ہوگا ،پوری ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھرپور تیاری میں ہے یہ ورلڈ کپ خواتین کے کھیل کو مزید فروغ دے گا۔کرائسٹ چرچ کے ایک ہوٹل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بسمہ معروف نے کہا ہے کہ آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں ہماری نظریں ٹاپ فور پر ہیں اور اپنی کارکردگی سے اس ٹورنامنٹ کو یادگار بنانا چاہتی ہیں اس ورلڈ کپ میں آتے ہوئے ہم نے سیمی فائنل تک پہنچنے کا ایک ہدف مقرر کیا ہے۔ اگر آپ اس کے لئے اپنا کوئی مقصد نہیں بناتے تو پھر کھیلنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

لڑکیاں اچھی حالت میں ہیں اور وہ جانتی ہیں کہ ان سے کیا توقعات ہیں اور امید ہے کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔پاکستان کا ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں بڑے حریف بھارت سے مقابلے پر انہوں نے کہا کہ معلوم ہے کہ میچ پر کیا اثر پڑے گا۔بھارت اور پاکستان کا میچ دنیا بھر میں سب سے زیادہ فالو کیا جانے والا میچ ہے اور ہم یقینی طور پر چاہتے ہیں کہ لڑکیاں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور مجھے امید ہے کہ یہ میچ دلچسپ ہوگا جو لڑکیاں ہماری طرف دیکھ رہی ہیں وہ متاثر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ ورلڈ کپ ہمارے لیے بہت اہم ہے اور ہم واقعی اپنی کارکردگی سے یادگار بنانا چاہتی ہیں مجھے امید ہے کہ ہمارے کچھ اچھے میچ ہوں گے۔ بسمہ معروف نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمارا مستقبل روشن ہے، پاکستان میں ذہنیت بدل گئی ہے اور لڑکیاں پروفیشنل کرکٹ کھیلنا چاہتی ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہم اس ورلڈ کپ کے بعد ایک اچھا مظاہرہ کرکے پاکستان میں بہت سی لڑکیوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں