لاہور (گلف آن لائن)آسٹریلوی میزبان اور پاکستان سپر لیگ کی پریزینٹر ایرن ہالینڈ نے وطن واپسی سے قبل لاہور میں خوب سیر سپاٹے کیے جس میں ان کے ہمراہ سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر عروج ممتاز اور زینب عباس بھی موجود تھیں۔ایرن نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مقامی ریسٹورینٹ سے تصاویر پوسٹ کیں، اس کے علاوہ آسٹریلوی مہمان نے لاہور کی سڑکوں کی ویڈیو بھی شیئر کی۔انہوں نے کیپشن میں بتایا کہ آخر کار وہ کورونا کے باعث بنائے گئے بائیو سکیور ببل سے باہر آگئی ہیں اور آخری مرتبہ عروج ممتاز کے ساتھ گھوم رہی ہیں۔
ایرن نے لکھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے اختتام کے بعد اب جب وطن واپس لوٹ رہی ہیں تو وہ لاہور کو بہت زیادہ یاد کریں گی۔اس کے علاوہ انہوں نے زینب عباس کے ہمراہ بھی کچھ تصاویر شیئر کیں جس میں انہوں نے زینب کو ‘بہن’ کہہ کر مخاطب کیا۔ایرن ہالینڈ نے جہاز سے بھی ایک تصویر شیئر کی اور پاکستان سپر لیگ کے اختتام پر خصوصی پیغام لکھا۔انہوں نے کہا کہ اب یہ الوداع کہنے کا وقت ہے، سچ کہوں تو ہر سال دل کا چھوٹا سا ٹکڑا ایونٹ کے اختتام پر یہیں رہ جاتا ہے۔ایرن نے سیزن کی تعریف کرتے ہوئے محبت کا اظہار کیا۔