عمرکوٹ (گلف آن لائن ) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ 14 برس میں ہزاروں ارب کا بجٹ ملنے پر بھی سب کچھ تباہ حال ہے۔ عمرکوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ تھر کے لوگ پیار کرنے والے ہیں، کنری میں جھوٹے کیسز کیے اور اب وفاداریاں تبدیل کروائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ چور تیمور تالپور ظالم ایم پی اے کو آئندہ انتخاب میں فارغ کردیں گے، پیغام دیا جاتا ہے پیپلزپارٹی کو کچھ ہوا تو سندھ غلط ہاتھ میں چلا جائے گا، ایسے غلط پیغام پر کہتا ہوں سندھی اب سوچ رہے ہیں اور فیصلہ کرلیا ہے کہ زرداری مافیا سے چھوٹکارہ حاصل کریں گے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ یہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے والے لوگ ہیں، 14 برس میں ہزاروں ارب کا بجٹ ملنے پر بھی سب کچھ تباہ حال ہے، ان کے وزیر ممبران اسمبلی سندھ کے عوام کا سارا بجٹ کھا گئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا کہ بلاول صاحب پنجاب گئے ہو تو وہاں کے راستوں کا جائزہ لے لو پھر وہاں سے سیکھ کر یہاں عوام کے لئے کچھ کام کرلو۔