لاس اینجلس (گلف آن لائن)عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی نے یمن کے شہر عدن کا دورہ کیا ہے۔انجلینا جولی نے انسٹا گرام پر یمن میں موجود بے گھر افراد کی کچھ ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی ہیں۔اْنہوں نے یہ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’وہ عدن میں بے گھر خاندانوں اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی طرف سے پناہ گزینوں سے ملنے اور یمن کے لوگوں کے لیے اپنی حمایت ظاہر کرنے کیلئے پہنچی ہیں’۔
اْنہوں نے لکھا کہ’جیسا کہ ہم یوکرین میں رونما ہونے والی ہولناکیوں کو دیکھ رہے ہیں، اور تنازعات کے فوری خاتمے اور انسانیت کے ظلم کو روکنے کا مطالبہ کررہے ہیں تو اسی دوران وہ یہاں یمن میں بھی ان لوگوں کی مدد کے لیے ا?ئی ہیں، جنہیں امن کی اشد ضرورت ہے’۔اداکارہ نے لکھا کہ’یہاں کی صورتحال دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک ہے، جہاں 2022 میں ہر گھنٹے میں ایک شہری ہلاک یا زخمی ہوتا ہے۔ جنگ سے تباہ ہونے والی معیشت، اور 20 ملین سے زیادہ یمنی زندہ رہنے کے لیے انسانی امداد پر منحصر ہے’۔انجلینا جولی کے دورہ یمن کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر بھی وائرل ہورہی ہیں۔