کیف(گلف آن لائن) یوکرینی صدر نے کہا ہے کہ مغربی اقوام یوکرینی شہریوں کی ہلاکت کی برابر کی ذمہ دار ہیں۔ یوکرین کے صدر ولودمیر زلینسکی روسی حملے کیخلاف کوئی ایکشن نہ لینے پر مغربی اتحادیوں سے سخت نالاں ہیں اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔زلینسکی نے کہا کہ روسی حملے میں شہریوں کی ہلاکت کا محض روس ہی ذمہ دار نہیں بلکہ مغربی اقوام بھی ہیں جو بیٹھ کے تماشہ دیکھ رہی ہیں اور صلاحیت ہونے کے باوجود کوئی جوابی کارروائی نہیں کررہیں۔
اس سے قبل زلینسکی کئی بار مغربی طاقتوں سے مطالبہ کرچکے ہیں کہ یوکرین کی فضائی حدود کو نوـفلائی زون قرار دیا جائے تاکہ روسی حملوں سے بچا جاسکے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر ہمیں جان بچانے کی خاطر جہاز بھی نہیں دیے جارہے تو اس کا ایک ہی مطلب ہے کہ آپ چاہتے ہیں کہ ہم سب کے سب مارے جائیں۔