چیئرمین سینیٹ

جاپانی حکومت پاکستان کیلئے بزنس ویزے کھولے تاکہ پاکستانی تاجر جاپان کا سفر کر سکیں،چیئرمین سینیٹ

اسلام آ باد (گلف آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ جاپانی حکومت پاکستان کیلئے بزنس ویزے کھولنے پر غور کرے تاکہ پاکستانی تاجر جاپان کا سفر کر سکیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے جاپان کے سفیر متسوہیرو واڈا کی پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ ایشیا میں ایک انتہائی اہم ملک کے طور پرپاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، جاپان ایک مستحکم معاشی ملک ہے اور جاپان کی بہتر معاشی ماڈل کی ہم تقلید کرنے کے خواہاں ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ممالک سال 2022 کو سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے طورپر منا رہے ہیں جس کے حوالے سے وزارت خارجہ اور مشن مختلف تقریبات کے انعقاد کیلئے کام کررہے ہیں۔ چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان بات چیت کیلئے دو طرفہ ادارہ جاتی میکانزم موجود ہے، جاپانی حکومت کی طرف سے جی ڈی ایس اسکالرشپ پروگرام میں پاکستان کو شامل کرنے پر شکرگزارہیں۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ اسکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستان کے 20 طلبا کو جاپان کی یونیورسٹیز کے گریجویٹ پروگرام میں حصہ لینے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت تجارت نے اوساکا 2025 ایکسپو میں شرکت کے لیے اپنی رضامندی ظاہر کر دی ہے جبکہ پاکستان نے 2025 ایکسپو کی میزبانی کے لیے جاپان کے حق میں ووٹ بھی دیا تھا۔ چئیرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ متعدد پاکستانی کمپنیاں اپنے جاپانی ہم منصبوں کے ساتھ جوائنٹ وینچرز میں جانا چاہتی ہیں لیکن کوویڈ 19کےباعث ویزا پابندیوں کی وجہ سے وہ جاپان نہیں جا سکتیں صادق سنجرانی نے بتایا کہ جاپانی حکومت پاکستان کیلئےبزنس ویزے کھولنے پر غور کرے تاکہ پاکستانی تاجر جاپان کا سفر کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جاپان پاکستان کے حوالے سے اپنی سیکیورٹی سے متعلق ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کرے تاکہ سرمایہ کاری اورسیاحت کو فروغ مل سکے۔ واضح رہے کہ چئیرمین سینیٹ اور جاپانی سفیر کی جانب سے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور بھی دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں