اسلام آباد(گلف آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ وزیراعظم کی گفتگو سے ظاہر ہوتا ہے وہ ہر کسی سے تصادم کیلئے تیار ہیں،وہ جس طرح کی زبان اور لہجا استعمال کر رہے وہ بہت ہی حیران کن ہے، اگر اپوزیشن سے کسی نے نیوٹرل کی اس طرح تشریح کی ہوتی تو حکومت نے سر پر آسمان کھڑا کر دینا تھا۔
اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ حکومت ساڑھے تین سال کہتی رہی ادارے نیوٹرل ہیں، وزیراعظم خود کہتے ہیں وہ کسی بلاک کا حصہ نہیں نیوٹرل ہیں۔شیری رحمن نے کہاکہ دعویٰ کرتے ہیں کرکٹ میں نیوٹرل امپائر انہوں نے ہی متعارف کرایا، اب کہتے ہیں نیوٹرل تو صرف جانور ہوتا ہے۔
شیری رحمان نے کہاکہ وزیراعظم نے پہلے کہا عدم اعتماد ان کے خلاف عالمی سازش ہے اب کہتے ہیں ان کی دعا قبول ہو گئی ہے، اپنے ہی بیان سے یو ٹرن لینا ان کی عالمی پہچان بن چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عدم اعتماد سے بچنے کی ان کی منصوبہ بندی ملک کو کشیدگی اور آئینی بحران کی طرف دھکیل رہی ہے، بوکھلاہٹ میں یہ غلط زبان اور منصوبے بنا رہے ہیں،مصنوعی اکثریت پر قائم اس حکومت کے دن اب گنے جا چکے ہیں۔