فیصل واوڈا

فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کے نااہلی کے اختیارات سے متعلق تحریری معروضات جمع کرا دیں

اسلام آباد (گلف آن لائن)تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کے نااہلی کے اختیارات سے متعلق تحریری معروضات جمع کرا دیں ۔ پیر کو سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیخلاف کیس میں فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کے نااہلی کے اختیارات سے متعلق تحریری معروضات جمع کرا دیں ۔

فیصل واوڈا نے کہاکہ جھوٹے بیان حلفی پر آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی نہیں ہوسکتی،سپریم کورٹ کے فیصلوں سے واضح ہے کہ الیکشن کمیشن کورٹ آف لا نہیں۔ فیصل واوڈا نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے پاس آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کا اختیار نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن ایکٹ کی سیکشن آٹھ سی کے تحت الیکشن کمیشن کسی امیدوار کو نااہل قرار نہیں دے سکتا،کسی پبلک آفس ہولڈر کو نااہل قرار دینے کا متعلقہ فورم الیکشن ٹربیونل ہے۔ انہوںنے کہاکہ جھوٹے بیان حلفی کی بنیاد پر نااہل قرار دینے کیلئے عدالتی ٹرائل لازمی ہے،عدالت جھوٹے بیان حلفی پر فیصلہ دیتے ہوئے وجوہات کو بھی مدنظر رکھے،تحریری معروضات میں سپریم کے مختلف فیصلوں کا بھی حوالہ دیا گیا ہے،چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 15 مارچ کو فیصل واوڈا کیس کی سماعت کرے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں