اسلام آباد (گلف آن لائن)ترجمان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو عمر کے اس حصے میں جھوٹ بولنا زیب نہیں دیتا،عمران اینڈ مافیا گوئبلز کی تھیوری پر عمل پیرا ہیں۔ اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران اینڈ مافیا گوئبلز کی تھیوری پر عمل پیرا ہیں، جھوٹ بار بار بولنے سے سچ ثابت نہیں ہوتا۔
انہوںنے کہاکہ عمران خان نے نہ اتحادیوں کو عزت دی نہ اسمبلی ممبران کو۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی جھوٹوں کے سردار سے آزادی چاہتے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ عمران خان تکبر خان بن گئے تھے اسمبلی ممبران کو غلام سمجھتے رہے ،عمران خان کے ساتھ کتنے ممبران ہیں اعتماد کا ووٹ لیکر دکھائیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ حکومت کے خطرے کی وجہ سے اپنے اراکین کو محفوظ رکھا ہے ، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے ممبران سندھ ہائوس میں محفوظ ہیں ۔ انہوںے کہاکہ ہمارے اسمبلی ممبران کو کچھ ہوا تو وزیراعظم، وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد ذمہ دار ہونگے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر پی ٹی آئی کا کوئی ممبران غالب ہے تو اس کے رشتہ داروں کا ایف آئی آر کہاں ہے ۔