واشنگٹن(گلف آن لائن)امریکا نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ 2015کے جوہری معاہدے کی بحالی کے قریب پہنچ گیا جس کے نتیجے میں ایران پر مغربی طاقتوں کی جانب سے عائد پابندیوں میں نرمی کی جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم ایک ممکنہ معاہدے کے قریب ہیں لیکن ہم ابھی تک وہاں پہنچے نہیں ہیں، ہمارا خیال ہے کہ باقی مسائل کو ختم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایران کے اس دعوے کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا کہ چھ فریقی مشترکہ جامع پلان آف ایکشن کی بحالی پر رضامندی سے قبل اب محض دو مسائل حل طلب رہ گئے ہیں۔لیکن انہوں نے کہا کہ مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے حالانکہ 11 ماہ پرانی بات چیت انتہائی نازک مرحلے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے سلسلے میں جوہری پیش رفت کے پیش نظر اب بہت کم وقت باقی ہے اور ایران کے اس عمل سے کسی بھی معاہدے کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔