شہباز شریف

رمضان شوگر ملز ریفرنس ، شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور ، سماعت 2 اپریل تک ملتوی

لاہور (گلف آن لائن ) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر تے ہوئے سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی جبکہ آشیانہ ریفرنس میں عدالت نے نیب کے دو گواہوں کے بیانات قلم بند کرتے ہوئے دو اپریل کو وکلا کو جرح کے لیے طلب کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز ریفرنس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔ قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہبازشریف کی جانب سے ان کے وکیل امجد پرویزعدالت میں پیش ہوئے۔ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت سے کہا کہ رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر دو ہفتے کا وقت دے دیں۔ رمضان شوگر مل میں حمزہ شہباز کے وکیل آج دلائل جاری رکھیں گے۔ وکیل شہباز شریف نے کہا کہ شہباز شریف چاہتے ہیں کہ سماعت ان کی موجودگی میں ہو، اس لیے دو ہفتوں کا وقت دیا جائے۔ شہباز شریف کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست کی گئی جسے احتساب عدالت نے منظور کر لیا۔

دورانِ سماعت امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہماری استدعا ہے کہ دو اپریل کی تاریخ دی جائے جبکہ نیب کے وکیل کی جانب سے وقت دینے کی مخالفت کی گئی۔ احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کو عدالت میں حاضری لگانے کے بعد واپس جانے کی اجازت دیتے ہوئے رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی۔ دوسری جانب لاہور ہی کی احتساب عدالت میں شہباز شریف اور دیگر کے خلاف آشیانہ ریفرنس کی بھی سماعت ہوئی۔ عدالت نے نیب کے دو گواہوں کے بیانات قلم بند کرتے ہوئے دو اپریل کو وکلا کو جرح کے لیے طلب کرلیا۔ احتساب عدالت نے شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی منظورکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں