کیف (گلف آن لائن ) یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ تاخیر کے بغیر تازہ مذاکراتی عمل شروع کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہی واحد راستہ ہے، جس سے روس اپنی غلطیوں سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے روسی جارحیت کی وجہ سے یوکرین میں ہونے والی تباہی کو قابل افسوس قرار دیا۔زیلنسکی نے مزید کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ماسکو حکومت یوکرین کی خودمختاری اور سالمیت کو تسلیم کر لے۔ صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ اس وقت آپ سب مجھے سنیں، خاص طور پر ماسکو کے لوگ۔
ملاقات کا وقت آ گیا ہے، بات چیت کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ یوکرین کی علاقائی سالمیت اور انصاف کو بحال کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا نہ ہوا توروس کا نقصان اتنا زیادہ ہو گا کہ اس نقصان کو پورا کرنے میں آپ کو کئی نسلیں لگ جائیں گی۔ واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان مذاکراتی عمل جاری ہے تاہم جنگ بندی کے حوالے سے ابھی تک کوئی اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے۔