لاہو ر(گلف آن لائن) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردار ی نے کہاہے کہ23مارچ آئین کی پاسداری کے عہد سے تجدید اور وطن کے لیئے جانیں قربان کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے،23مارچ کا دن ہمیں اپنے ان بزرگوں کی بھی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے قراردادِ پاکستان کی شکل میں ایک منزل متعین کی تھیبلاول بھٹو زرداری نے یومِ پاکستان پر اپنے پیغام کہاکہ ہمارے بزرگوں نے اس عظیم منزل کو حاصل کرنے کے لیئے جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کیا تھا۔
پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے آج تک قائداعظم کی سوچ اور ویژن پر عمل پیرا ہے۔قائداعظم محمد علی جناح آئین پسندی اور قانون کی عملداری کے عالمی آئیکن ہیں۔شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو پہلا متفقہ آئین دیا اور دفاع کے لیئے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کے لیئے طویل جدوجہد کی، آئین کو اصل شکل میں بحال کیا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملکی دفاع کے لیئے میزائیل ٹیکنالاجی کا تحفہ بھی دیا۔صدر آصف علی زرداری نے اٹھارویں ترمیم، این ایف سی ایوارڈ اور پاک – چین تجارتی راہداری جیسے بیشمار اقدام اٹھائے،ایک بار پھر ملک کو خطرناک موڑ پر لا کھڑا کردیا گیا ہے۔
قوم کے سامنے آئین کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ ماضی کی طرح عوام کو اِس بار بھی تحمل، تدبر اور جہد مسلسل کے ذریعے یہ لڑائی جیتنی ہوگی۔مضبوط ریاست، مستحکم جمہوریت، نموپذیر معیشت اور مساوات پر مبنی معاشرے کا قیام صرف 1973ع کے آئین پر عملدرآمد میں پنہاں ہے۔پیپلز پارٹی آخری وقت تک لڑے گی، آئین و جمہوریت کا تحفظ اور ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیئے جدوجہد کرے گی۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے پہلے ملک کو بچایا، اب ملک کو تمام مشکلات اور بحرانوں سے باہر نکالے گی۔مجھے آج بھی اپنے کشمیری بھائی یاد آرہے ہیں، جو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں۔ میں مقبوضہ کشمیر کی غیور عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔