ابوظبی(گلف آن لائن)ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زائد آل نہیان نے باور کرایا ہے کہ امارات دنیا میں توانائی کے امن اور اس کی منڈی کے استحکام و توازن کا شدید خواہاں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ان کا یہ موقف آذربائیجان کے صدر الہام علییف کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو میں سامنے آیا۔دونوں شخصیات کے بیچ امارات اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ کام کے لیے خصوصسی تعلقات زیر بحث آئے۔
اس کا مقصد معیشت ، تجارت اور توانائی کے میدان میں ترقی کی منازل طے کرنا ہے۔ علاوہ ازیں مشترکہ دل چسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا،دونوں شخصیات کے درمیان یوکرین کے بحران کی روشنی میں توانائی کی عالمی منڈی کی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی۔یاد رہے کہ یوکرین میں روسی فوجی آپریشن کا آغاز 24 فروری کو ہوا تھا۔ اس کے نتیجے میں یورپی ممالک غیر معمولی طور پر چوکنا ہو گئے۔ اس صورت حال نے مالیاتی مارکیٹ پر بھی اثر ڈالا۔مغربی ممالک نے روس پر کڑی پابندیاں عائد کر دیں۔ ان پابندیوں نے کئی سیکٹروں ، کمپنیوں اور بینکوں کے علاوہ روسی شخصیات ، دولت مند افراد ، سیاست دان اور ارکان پارلیمنٹ کو لپیٹ میں لے لیا۔