لاہور( گلف آن لائن)مسلم لیگ(ن)اور جمعیت علما اسلام(ف)کے زیراہتمام کل(ہفتہ) کے روز لاہور سے اسلام آباد کی طرف مہنگائی مکائو ،عمران بھگائو مارچ کا آغاز ہوگا، مسلم لیگ (ن) اورجمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے مارچ کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دے کر قیادت سے رہنمائی بھی حاصل کرلی گئی ہے ،پولیس نے بھی مارچ کے شرکاء کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے اور خصوصاً مارچ کے سفر کے دوران سیاسی مخالفین سے کسی بھی طرح کے تصادم کو روکنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون سے پارٹی کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی قیادت میں روانہ ہوں گے جبکہ جمعیت علما ئے اسلام (ف)کے کارکنان مولاناامجد خان کی قیادت میں مینا رپاکستان سے اپنے سفر کا آغاز کریں گے ۔قریبی اضلاع کے اراکین اسمبلی ، مرکزی رہنمائوں او رٹکٹ ہولڈرز کی قیادت میں کارکنان لاہور پہنچیں گے اور مرکزی قافلے کے ہمراہ لاہور سے روانہ ہوں گے جبکہ دیگر اضلاع سے پارٹی کے اراکین اسمبلی کارکنان کے ہمراہ اس میں شامل ہو تے جائیں گے ۔
ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت مختلف مقامات پر لگائے گئے استقبالیہ کیمپوں میں کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے تمام ذمہ داران سے رابطہ کر کے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی ہے ۔ پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے اجلاس ہوا جس میں افسران کو ڈیوٹیوں تفویض کی گئیں ۔