اسلام آباد(گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے عوام سے مہنگائی مکائو مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد محمد نوازشریف کی کال پر سب اپنے گھروں سے نکلیں اور مہنگائی کا عذاب نازل کرنے والوں کو آخری دھکا دیں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ مریم نوازاور حمزہ شہبازکے ساتھ نکلو اور ظالم حکومت سے نجات حاصل کرو ،مہنگائی مکائومارچ عوام کو ہر روز کی مہنگائی سے نجات دلائے گا۔
انہوںنے کہاکہ عوام جان لیں، ان کا حق موجودہ کرپٹ نالائق حکمران کھاگیا، وہ نہ نکلے تو پورا پاکستان کھا جائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ عوام گھروں سے نکل کر جھوٹے حکمرانوں پر ثابت کردیں کہ ان کی چالاکیاں اب نہیں چلیں گی ۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی سچ ہے، کرپشن ایک سچ ہے، نالائقی ایک سچ ہے، اس سچ کے لئے عوام گھروں سے نکلیں ۔ انہوںنے کہاکہ ساڑھے تین سال سے قوم سے جھوٹ پہ جھوٹ بولنے والا، اب نئے جھوٹ بول رہا ہے، عوام اسے مسترد کریں ۔
انہوںنے کہاکہ کرپٹ حکمران اپنی ڈوبتی سیاست کے لئے عوام کو گمراہ کررہا ہے، اس کے جھوٹ کے خلاف عوام گھروں سے نکلیں ۔انہوںنے کہاکہ اپنی بھرپور شرکت سے عوام پیغام دیں کہ وہ مہنگائی اور اسے لانے والی حکومت دونوں کو مسترد کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ مہنگائی مکائومارچ ملک سے نالائقی، نااہلی، کرپشن ، مہنگائی جیسے مسائل کے خاتمے کی تحریک کا آغاز ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک آج جن سنگین مسائل، خطرات اور خدشات میں گھرا ہوا ہے ، ان سے نجات میں عوام کو کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ تاریخ کی اس فیصلہ کن گھڑی عوام کا فرض ہے کہ وہ جھوٹ، کرپشن اورمہنگائی کے ظلم پر حکومت کے خلاف نکلے ۔
انہوںنے کہاکہ یاد رکھیں کہ کرپشن سے آپ اور آپ کے بچے غریب ہورہے ہیں، مہنگائی سے آپ کی زندگی اس حکومت نے حرام کی ہے۔انہوںنے کہاکہ پورے ملک اور عوام کی بربادی اس حکومت نے کی ہے، بھرپور شرکت کرکے ظالم حکمرانوں کے خلاف کلمہ حق کہیں،انشااللہ، ہم سب مل کر اس ظالم، آٹا چینی بجلی گیس دوائی کھاد چور حکومت سے پاکستان کو نجات دلائیں گے۔