ہمایوں اختر خان

27مارچ کو پاکستان کی تاریخ میں حق کی فتح کے دن کے طو رپر ہمیشہ یاد رکھا جائیگا’ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ عمران خان کی لازوال سیاسی جدوجہد سے عوام کو شعور ملا ہے ا س لئے کئی دہائیوں سے عوام کی آنکھوںمیں دھول جھونکنے والے اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے ، گلگت بلتستان،آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوںسے پی ٹی آئی کے کارکنان ہی نہیں بلکہ عام عوام کی کثیر تعداد کے پریڈ گرائونڈ کی طرف سفر نے اس عزم کو ظاہر کر دیا ہے کہ وہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کواس کی حقیقی منزل تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ان شا اللہ عمران خان بھی انہیں ہرگز مایوس نہیں کریں گے۔ اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنی حالت نزاع میں پڑی سیاست کوبچانے کیلئے جو تماشہ شروع کر رکھا ہے اس کے حقائق قوم سے ڈھکے چھپے نہیں اور ان کے چہرے ہر روز عوام میں بے نقاب ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اپوزیشن کا مسئلہ نہیں بلکہ ان کا مسئلہ صرف اقتدار سے دوری ہے جس کیلئے یہ بے چین ہیں اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے عمران خان کے 27مارچ کے امر بالمعروف جلسے کی کال پر لبیک کہہ کر ثابت کیا ہے وہ حق او رسچ کے ساتھ کھڑے ہیں ، عوام کے جوش و خروش سے اپوزیشن کو ہوائوں کا رخ معلوم ہو گیا ہے اور ان پر واضح ہو گیا ہے کہ یہ تحریک انصاف کو آئندہ بھی حکومت بنانے سے نہیں روک سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 27مارچ 2022ء کے دن کو پاکستان کی تاریخ میں حق کی فتح کے دن کے طو رپر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،اس جلسے سے تحریک انصاف کو ایک نئی سیاسی تقویت ملی ہے اور ثابت ہو گیا ہے کہ تحریک انصاف آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں