لاہور (گلف آن لائن )نامور گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ انسان ساری زندگی سیکھنے کے عمل سے گزرتا ہے ،آج بھی خود کو فن کی طالبہ سمجھتی ہوں ،موسیقی میں سُر اور لے بنیاد ہے اور اس کو سمجھنے والا ہی بڑا گلوکار بنتا ہے ۔ ایک انٹر ویو میں گلوکارہ نے کہا کہ سچے سُروں کے ساتھ گانے والے گلوکار ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں ۔
موسیقی کے شعبے میں زندگی کے کئی سال گزار چکی ہوں لیکن آج بھی سیکھنے کیلئے کوشاں رہتی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سالوں میں فلمیں بننے کی تعداد بڑھی ہے لیکن یہ تعداد فلم انڈسٹری کو سہارا دینے کے لئے ناکافی ہے ۔ اگر فلم انڈسٹری کو ماضی کی طرح عروج پر لے جانا ہے تو اس کے لئے بلا تعطل فلمیں بنانے کی ضرورت ہے اور کامیابی کے لئے اسکرپٹ پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔