بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ آرمینیا چین کا ایک روایتی دوستانہ تعاون پر مبنی شراکت دار ہے، دونوں فریقوں کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد گہرا ہوا ہے، مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوطی سے فروغ دیا گیا ہے۔بدھ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق چینی صدر شی جن پھنگ اور آرمینیا کے صدر ویگان خاچاتورین نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔
شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ آرمینیا چین کا ایک روایتی دوستانہ تعاون پر مبنی شراکت دار ہے۔ 30 سال قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے چین اور آرمینیا کے تعلقات نے صحت مند اور مستحکم ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا ہے۔ دونوں فریقوں کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد گہرا ہوا ہے، مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوطی سے فروغ دیا گیا ہے، اور افرادی و ثقافتی تبادلے تیزی سے قریب تر ہوئے ہیں۔وبائی صورتحال کے بعد سے دونوں ممالک کے عوام نے ایک دوسرے کی مدد کی ہے اور مل کر اس وبا کا مقابلہ کیا ہے جو دونوں عوام کے درمیان گہری دوستی کا ثبوت ہے۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ وہ چین اور آرمینیا کے درمیان تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر صدر خاچاتورین کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں تاکہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے دونوں ممالک اور دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔ویگان خاچاتورین نے کہا کہ 30 سال قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے آرمینیا اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے ٹھوس نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ آرمینیا چین کی ترقی اور اس کے بین الاقوامی کردار کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے صدر شی جن پھنگ کے ساتھ مل کر آرمینیا اور چین کے درمیان دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کی پائیدار اور مستحکم ترقی کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔