لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماجمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ علیم خان کی جانب سے پارٹی کے مالی بوجھ کوبرداشت کرنے کے دعوے قطعی بے بنیاد ہیں،علیم خان اور ان کے سٹاف نے تحریک انصاف کے جلسوں پر پیسے لگائے نہیں بلکہ کمائے ہیں،جلسوں کے لیے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز سے فنڈنگ کی گئی اور اگراس کا آڈٹ کیا جائے تو انہیں سبکی کا سامنا کرناپڑے گا۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ وسطی پنجاب کے صدر کی حیثیت سے ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن تھی اور شاید اندرون سندھ کے بعد تحریک انصاف کی سب سے بری کارکردگی ان کے زیر انتظام اضلاع میں تھی ،اس کی وجہ بھی یہی تھی کہ ٹکٹوں کی تقسیم پر ان کے سٹاف کی جانب سے پیسے اکٹھے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور اور اس کے گردونواح میں ایسا کوئی جلسہ نہیں ہوا جس کے پیسے علیم خان نے پارٹی کے اسٹیک ہولڈرز سے اکٹھے نہ کیے ہوں،اس بات کے گواہ تمام ٹکٹ ہولڈرز ہیں جو پارٹی کے لیے ہمیشہ اپنا حصہ ڈالتے رہے،علیم خان کی زیر قیادت وسطی پنجاب میں پارٹی کی کارکردگی انتہائی بدترین رہی اور اسی لیے انہیں وزارت اعلیٰ بھی نہ ملی جس کا غصہ پریس کانفرنس میں ان کے چہرے پر عیاں تھا۔